شہری آوارہ کتوں سے تنگ، ‘کتا’ بن کر دلچسپ احتجاج، ویڈیو وائرل

​تفصیلات:

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ایک شہر میں اس وقت ایک دلچسپ اور حیران کن صورتحال پیدا ہو گئی جب آوارہ کتوں کی بھرمار سے تنگ آ کر ایک شہری خود ‘کتا’ بن کر سرکاری دفتر جا پہنچا۔ اس انوکھے احتجاج کی ویڈیو اب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

​میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ واقعہ ضلع کھنڈوا میں پیش آیا۔ جہاں مقامی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے آوارہ کتوں کی نس بندی مہم کے بڑے بڑے دعوے کیے جا رہے تھے، لیکن حقائق اس کے بالکل برعکس نکلے۔ اسی کرپشن کو بے نقاب کرنے کے لیے میونسپل کارپوریشن کے اپوزیشن لیڈر دیپک راٹھور نے ایک شخص کو کتے کا ماسک پہنایا اور اسے سیدھا عوامی سماعت کے دوران افسران کے سامنے کھڑا کر دیا۔​

اپوزیشن رہنما نے سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے کتوں کو کنٹرول کرنے کے نام پر 40 لاکھ روپے سے زیادہ کی رقم اڑا دی، مگر کتوں کی تعداد کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے ایک حیرت انگیز دعویٰ بھی کیا کہ جس کتے کو مبینہ طور پر نس بندی کا سرٹیفکیٹ دیا گیا تھا، اس نے بعد میں چھ بچوں کو جنم دے کر پوری سرکاری مہم کا راز کھول دیا ۔

​اعداد و شمار کے مطابق، پچھلے چار سالوں کے دوران صرف کھنڈوا شہر میں کتے کاٹنے کے 13 ہزار 225 سے زائد کیسز سامنے آ چکے ہیں، جو انتظامیہ کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔​

بتایا جا رہا ہے کہ کتے کا روپ دھارے اس شخص کو شروع میں پولیس نے دفتر کے دروازے پر ہی روکنے کی کوشش کی تھی، تاہم اعلیٰ حکام کی مداخلت پر اسے اندر جانے کی اجازت مل گئی۔ احتجاج کے آخر میں اپوزیشن لیڈر نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (اے ڈی ایم) کو ایک تحریری شکایت (میمورنڈم) جمع کروائی ہے جس میں فنڈز کے استعمال اور ٹھیکیداروں کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کر کے سخت تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے