پاکستان میں سونے اور چاندی کی قیمت میں ہزاروں روپے کا اضافہ

ملک بھر میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں شدید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 13 ہزار 700 روپے مہنگا ہونے کے بعد 4 لاکھ 71 ہزار 936 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 11 ہزار 746 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی قیمت 4 لاکھ 4 ہزار 609 روپے ہو گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ اور چاندی کے ریٹس بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں تیزی دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونا 137 ڈالر کے اضافے سے 4,495 ڈالر پر بند ہوا۔ دوسری جانب مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی بھی 369 روپے اضافے کے بعد 7,169 روپے کی ہو گئی ہے۔
قیمتوں میں اضافے کی وجہ معاشی ماہرین کے مطابق سونا روایتی طور پر ایک محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے۔ افراطِ زر، سیاسی و معاشی عدم استحکام اور عالمی معیشت میں غیر یقینی صورتحال کے دوران سرمایہ کار اپنے اثاثے محفوظ بنانے کے لیے سونے کا رخ کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں سونے کے ریٹس کا طریقہ کار تبدیل کیا جا چکا ہے، جس کے تحت مقامی مارکیٹ میں قیمتیں عالمی ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زائد مقرر کی جاتی ہیں۔
