کڑی شرائط کیساتھ آئی ایم ایف پروگرام کوئی حلوہ یا کھیر نہیں:وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے ملک کو استحکام کی جانب چلانے کیلئے آئی ایم ایف کی سخت شرائط کو برداشت کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام کوئی حلوہ یا کھیر نہیں ہے، اس کی بہت سخت شرائط ہے، ان کو ہم نے برداشت کیا تاکہ آئندہ کے لیے ملک استحکام کی جانب چل پڑے، اگر اس ملک میں بیروزگاری اور غربت کے خاتمے کے لیے ہم محنت کریں گے تو ضرور ترقی کریں گے۔

ملتان میں باصلاحیت اور قابل طلبہ میں وزیرِ اعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرٹ وہ اثاثہ ہے جس سے قومیں بنتی ہیں، جو قومیں میرٹ سے ہٹ جاتی ہیں، سفارش، کرپشن اقربا پروری اور دیگر خرافات مل جائیں تو وہ قومیں تباہ ہوجاتی ہیں

انہوں نے کہا کہ جو قومیں ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کرکے آگے بڑھتی ہیں، ان قوموں کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا، آپ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، آپ کے ہاتھ میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی کنجی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں جو ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کے جا رہے ہیں ، یہ آٹے میں نمک کے برابر ہیں، اگر وسائل ہوں تو لاکھ نہیں ایک کروڑ لیپ ٹاپ نوجوانوں میں تقسیم کروں، وسائل کی کمی کی بنیاد پر ہمیں ایک لاکھ لیپ ٹاپ پر اکتفا کرنا پڑا۔

Share

اپنا تبصرہ بھیجیں