چاند نظر نہیں آیا،یوم عاشورہ 29جولائی کو ہو گا

ملک میں محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا، پاکستان میں یکم محرم الحرام 20 جولائی اور یوم عاشور 29 جولائی کوہوگا۔

محرم الحرام 1445 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کوئٹہ میں ہوا، جس کی صدارت چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔

اجکاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی، زونل کمیٹی کراچی کے ممبران سمیت وزارت مذہبی امور، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور سپارکو کے ممبران شریک ہوئے۔

چاند کی رویت سے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور سندھ کے مختلف اضلاع میں مطلع صاف ہے، محرم الحرام کا چاند دیکھنے کے زیادہ امکانات ہیں، بلوچستان میں سورج ڈوبنے کے بعد چاند دیکھنے کا دورانیہ 47 سے 49 منٹ ہوگا، بلوچستان میں 7 بج کر 25 منٹ سے 8 بجے کے درمیان چاند دیکھا جاسکے گا۔

مرکزی اور زونل کمیٹی کےاجلاسوں میں ملک بھر میں کہیں سے بھی محرم الحرام کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول نہیں ہوئیں۔

اجلاس کے بعد چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ ملک بھر سے محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا، یکم محرم الحرام 1445 ہجری 20 جولائی بروز جمعرات کو ہوگا جبکہ یوم عاشور 29 جولائی بروز ہفتے کو ہوگا۔

Share

اپنا تبصرہ بھیجیں