سیلابی ریلوں سے فصلیں تباہ،مزید بارشوں کی پیشگوئی

ملک میں جاری مون سون بارشوں اور سیلابی ریلوں سے مختلف شہروں میں متاثرین کی مشکلات بڑھتی جارہی ہیں، لوگوں کے مکانات، مویشی اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کردی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں 7 اگست تک مون سون بارشیں ہوں گی جس کے باعث سیالکوٹ نارووال اور راولپنڈی کے نالوں میں طغیانی کے امکانات ہیں جبکہ پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی کی صورتحال برقرار ہے، دریائے راوی میں سدھنائی جب کہ ستلج میں سلیمانکی اور اسلام کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

جلال پور پیروالا میں دریائے چناب کا عوامی حفاظتی بند ٹوٹ گیا جس سے کئی بستیاں زیر آب اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی کپاس کی فصل تباہ ہوگئی۔ ننکانہ صاحب میں ہیڈ بلوکی کے مقام پر دریائے راوی میں سیلابی پانی کے بہاو میں کمی آئی لیکن پانی سے تباہ کاریوں میں کمی نہ آسکی، سیلاب سے درجن سے زائد دیہاتوں میں مال مویشی، ہزاروں ایکٹر پر کھڑی فصلیں برباد ہوگئیں۔

اس کے علاوہ دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ گھوٹکی کے مقام پر دریائے سندھ میں درمیانے درجے کا سیلاب برقرار ہے، اور لوگ اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی کرکے محفوظ مقامات پر منتقل ہورہے ہیں۔

پاکپتن کے علاقوں میں سیلابی ریلوں میں پھنسے لوگ پلاسٹک کے ٹینکوں سے کشتیاں بنا کر متاثرین اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی کر رہے ہیں۔ حویلی لکھا میں دریائے ستلج ہیڈ سلیمانکی کے مقام پرسیلاب نے ہر چیز تباہ کر کے رکھ دی ہے۔

علی پور میں محکمہ ایریگیشن کے افسران اور عملے کی لاپرواہی کے باعث فلڈ بندوں کی حالت خستہ ہوگئی، جگہ جگہ بڑے بڑے گڑھے پڑ گئے، سیلاب کی صورتحال میں سیلابی بند ٹوٹنے کا خدشہ ہے۔

Share

اپنا تبصرہ بھیجیں