الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کے معاملے میں شفاف طریقہ کار اپنائے:چیف جسٹس

سپریم کورٹ نے سندھ میں حلقہ بندیوں کا معاملہ واپس الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی سندھ میں صوبائی حلقہ بندیوں کے خلاف درخواستوں پر سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیاں شفاف طریقہ کار سے کرے۔

چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے الیکشن کمیشن کی سندھ میں صوبائی حلقہ بندیوں کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ حلقہ بندیاں عوامی مفاد کا معاملہ ہیں، سپریم کورٹ میں متعدد بار حلقہ بندیوں کا معاملہ آ چکا، حلقہ بندیوں میں سرکل ذرا سا متاثر کرنے سے امیدوار کے ووٹ متاثر ہوتے ہیں، الیکشن کمیشن حلقہ بندیاں شفاف طریقہ کار سے کرے۔

چیف جسٹس عمر عطابندیال کا کہنا تھا کہ سندھ میں حلقہ بندیوں پر حساسیت زیادہ ہے، سندھ سے اکثر یہ گلہ کیا جاتا ہے کہ حلقہ بندیاں درست نہیں ہوئیں، الیکشن کمیشن انتخابات سے قبل تمام معاملات حل کرے۔

چیف جسٹس نے دوران سماعت استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن عام انتخابات کب کرا رہا ہے؟ ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے کندھے اچکائے تو چیف جسٹس نے مسکراتے ہوئے کہا کہ مطلب ابھی تک عام انتخابات کی کوئی تاریخ ہی طے نہیں کی گئی۔ الیکشن کمیشن انتخابات سے قبل تمام معاملات حل کرے۔

Share

اپنا تبصرہ بھیجیں