شہریار اور شاندانہ کی ایم پی او کے تحت گرفتاری کا آڈر معطل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کا آڈر معطل کر دیا،دونوں کو گھر جانے کی اجازت مل گئی

عدالت عالیہ کے جسٹس بابر ستار نے کیس کی سماعت کی کیس کی

ڈپٹی کمشنر نے عدالت کو بتایا کہ 9 مئی کے واقعات سب کے سامنے ہیں، انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق شہریار آفریدی نے اشتعال پھیلایا، شہریار آفریدی کے ڈسٹرکٹ کورٹس پر حملے کی منصوبہ بندی میں ملوث ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، عدلیہ کے خلاف مہم میں بھی ان کا نام آیا ہے۔

جسٹس بابر ستار نے استفسار کیا کہ جیل میں ہونے کے باوجود انہوں نے لوگوں کو کیسے اشتعال دلایا؟ جس پر ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ میری آنکھیں اور کان تو انٹیلی جنس رپورٹس ہی ہیں،عدالت نے ایس ایچ او سے سوال کیا کہ شہریار آفریدی کی پلاننگ کی آپ کے پاس کیا معلومات تھیں؟ جس پر ایس ایچ او نے بتایا کہ اس وقت وہاں ایس ایچ او نہیں تھا، کسی اورکے پاس چارج تھا، جسٹس بابر ستار نے کہا کہ پھر تو آپ کی جان چھوٹ گئی۔

جسٹس بابر ستار نے پوچھا کہ شہریار آفریدی کی گرفتاری کے وقت ڈی پی او کون تھا؟ جس پر متعلقہ ڈی پی او روسٹرم پر آگئے۔

عدالت نے ان سے بھی پوچھا کہ آپ کے پاس کیا انفارمیشن تھی شہریار آفریدی کی پلاننگ سے متعلق؟ جس پر ڈی پی او نے بتایا کہ میں اس وقت چھٹی پر گیا ہوا تھا۔

آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ واقعہ ہونے سے قبل خدشات کی بنیاد پر کارروائی کی جاتی ہے، ہم نے یہ کارروائیاں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے کیں۔

بابر ستار نے ریمارکس دیے کہ اسپیشل برانچ کی رپورٹ تو محض ایک مذاق ہے، وہ نوٹیفکیشن کہاں ہے جس پر شہریار آفریدی کی گرفتاری کی اجازت دی گئی۔

جسٹس بابرستار نے کہا کہ عدالت آردڑ کالعدم قرار دیتی ہے اور پھر نیا ایم پی او آرڈر آجاتا ہے، جسٹس بابر ستار نے ایس ایس پی آپریشنز کا جواب بھی غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایس ایس پی آپریشنز پر بھی فرد جرم عائد کی جائے گی۔عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا فیصلہ سنا دیا۔

عدالت نے شہریار آفریدی سے متعلق ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کا ایم پی او آرڈر معطل کرتے ہوئے انہیں اسلام آباد میں اپنی رہائشگاہ جانے کی اجازت دے دی۔

بعد ازاں عدالت نے شاندانہ گلزارکی ایم پی او کے تحت گرفتاری کا حکم بھی معطل کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

Share

اپنا تبصرہ بھیجیں