دریائے ستلج میں طغیانی کا خدشہ، وارننگ جاری

دریائے ستلج میں پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے، گنڈا سنگھ والا کے علاقے اور اس کے پڑوسی علاقوں میں اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی۔

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس سے گنڈا سنگھ والا کے گردونواح میں ممکنہ سیلاب کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

گنڈا سنگھ والا اسٹیشن سے تقریباً 69 ہزار 220 کیوسک پانی گزر رہا ہے اوراگلے 24 گھنٹوں کے اندر سیلاب کی شدت میں اضافے کا امکان ہے جو درمیانے درجے سے ممکنہ طور پر اونچی سطح تک بڑھ جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق فیروز پور بیراج کے ذریعے ایک لاکھ کیوسک پانی پاکستان میں داخل ہوا جبکہ بھارت کے ہریکے بیراج سے ایک لاکھ 80 ہزار کیوسک اضافی پانی چھوڑا جائے گا۔

پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خطرہ ممکنہ طور پر اونچے درجے کے سیلاب کو متحرک کر سکتا ہے، جس سے اوکاڑہ، قصور، پاکپتن، بہاولنگر، وہاڑی، لودھراں، ملتان اور بہاولپور سمیت مختلف اضلاع پر گہرا اثر پڑ سکتا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو تباہی سے بچنے کے لیے ضروری تیاریوں کو یقینی بنانے کے لیے الرٹ کر دیا۔

Share

اپنا تبصرہ بھیجیں