نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے پہلی میڈیا بریفنگ میں کیا کہا؟

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ معاشی بدحالی ایک حقیقت ہے، حکومت کی پہلی ترجیح معیشت کی بہتری ہے،وزیراعظم نے معاشی بحالی کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔جڑانوالہ واقعہ پر ان کا کہنا تھا کہ ریاست کی طاقت مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں بطور نگراں وفاقی وزیر اطلاعات پہلی میڈیا بریفنگ کے دوران مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے معاشی بحالی کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں وزارت خزانہ، وزارت تجارت اور وزارت توانائی، اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلٹیشن کونسل اور دیگر متعلقہ وزارتوں کے ارکان شامل ہوں گے اور یہ کمیٹی پاکستان میں معاشی بحالی کے عمل کی نگرانی کرے گی۔

نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ جڑانوالہ واقعہ پر نگران وزیراعظم نے واضح کیا کہ کسی دوسرے مذہب کی تضحیک نہیں ہونے دیں گے، ریاست کی طاقت مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے، ہم اکثریت ہیں لیکن اکثریتی غلبے کا طرز اختیار نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں، ہم کسی بھی فرد، فرقے اور قوم کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر کام ڈنڈے سے ٹھیک نہیں ہو گا،سب کی ذمہ داری ہے کہ ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کریں

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اپنی ویب سائٹ پر حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کر رکھا ہے، اس حوالے سے ایک سیاسی جماعت نے عدالت سے بھی رجوع کرلیا، نگران حکومت کی جلد یا دیر سے الیکشن کروانے میں کوئی خواہش نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے حلف کی پاسداری کریں گے، آئین میں ہے یہ ملک عوام کے منتخب نمائندے چلائیں گے جب کہ کابینہ اجلاس کے بعد پہلی میٹنگ چیف الیکشن کمشنر کے ساتھ ہوئی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے پروگرام کو دھکا دیکر اسٹارٹ کرایا، معاہدے میں سبسڈیز نہ دینا بھی شامل ہے جب کہ معیشت کا جو حال ہے ممکن نہیں مہنگا تیل خرید کر سستا بیچیں، اسی لئے حکومت کو چاہتے نہ چاہتے ہوئے تیل کی قیمت میں اضافہ کرنا پڑا۔

نگراں وزیر اطلاعات نے کہا کہ تیل کی قیمت میں اضافہ مجوری ہے، لوگ مشکل میں ہوں تو قیادت کو چاہئے کہ ٹیکس کے پیسے کو بے دردی سے نہ خرچ کرے

عام انتخابات پر مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، الیکشن کمیشن 90 دن میں الیکشن کراتا ہے یا فروری میں، یہ اس کا کام ہے، شیڈول دینا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔الیکشن کمیشن کل انتخابات کا کہے تو ہم تیار ہیں

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ اسلامی تعلیمات کے فروغ کے لیے پاکستان ٹیلی ویژن، عالمی ماہرین کی نگرانی میں تجوید قرآن پر پروگرام نشر کرے گا۔

Share

اپنا تبصرہ بھیجیں