ایک سیاسی جماعت کو کیسے پتہ کہ انتخابات فروری میں ہونگے؟ بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ امیر کو مزید امیر بنانے سے نہیں بلکہ عام آدمی کو معاشی طور پر مضبوط کرنے سے معیشت اٹھتی ہے،چیف الیکشن کمشنر کو بھی نہیں پتہ تو ایک جماعت کو کیسے پتہ کہ فروری میں انتخابات ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق مظفر گڑھ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے آئندہ انتخابات کی غیر جانبداری اور شفافیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ الیکشن پر کل سی ای سی کے اجلاس میں لائحہ عمل دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کو بھی نہیں پتہ الیکشن کب ہوں گے، صرف ایک جماعت کو کیسے پتہ کہ الیکشن فروری میں ہوں گے، اب میں لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات نہ کروں تو کیا کروں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی حکومت کے ساتھ تھے، پیپلزپارٹی اپنی وزارتوں کے حوالے سے جوابدہ ہے، البتہ میری ذاتی خواہش ہے کہ پیپلزپارٹی ہر حلقے میں الیکشن لڑے اس کا فیصلہ سی ای سی میں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کو میثاق جمہوریت میں دلچسپی نہیں، ہم نے کوشش کی کہ نیا میثاق جمہوریت ہو لیکن نہیں ہو پایا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام کے چہروں پر لکھا ہے کہ بجلی کا بل اور اسکولوں کی فیس پر پریشان ہیں، سفید پوش طبقہ اور چھوٹا تاجر پریشان ہے، ان مسائل کا حل بھٹو کے منشور میں موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو سمجھتے ہیں کہ ٹائیکون ہی معاشی صورتحال کو بہتر کرسکتے ہیں وہ سمجھتے ہیں کہ امیر کو مزید امیر بنائیں، البتہ عام آدمی کو معاشی طور پر مضبوط کرتے ہیں تو معیشت اٹھتی ہے۔

Share

اپنا تبصرہ بھیجیں