حکومت سے مذاکرات کامیاب،ٹی ایل پی کا مارچ ختم کرنے کا اعلان

تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) اور حکومت کے درمیان معاملات طے پاگئے’کامیاب مذاکرات کے بعد ٹی ایل پی کا مارچ ختم کرنے کا اعلان۔

ہفتے کو ٹی ایل پی رہنما شفیق امینی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ حکومت اور ٹی ایل پی میں خوش اسلوبی سے معاملات طے پا گئے۔ ناموس رسالت کا تحفظ ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے، ناموس رسالت کے تحفظ کے لیے مل کر طریقہ کار طےکیا ہے، توہین مذہب کی روک تھام کے لیے مشاورت سے ایک لائحہ عمل تک پہنچے ہیں۔

امریکہ میں قید پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حوالے سے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں ہر پاکستانی غمزدہ ہے، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے، حکومت ڈاکٹر عافیہ کے معاملے پر خط بھی لکھے گی۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ٹی ایل پی کا ایک مطالبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا بھی تھا، پیٹرول کی قیمتوں سے متعلق طریقہ کار ٹی ایل پی کے سامنے رکھا، اسحاق ڈار نے یقین دلایا ہےکہ پیٹرول کی قیمتوں میں واضح کمی آئےگی۔

ٹی ایل پی رہنما شفیق امینی کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہمارے مطالبات مان لیے ہیں، ہمارے مطالبات میں تحفظ ناموس رسالت،مہنگائی کا خاتمہ اور ڈاکٹرعافیہ کا معاملہ شامل تھا، ہم نے اپنے مطالبات کے لیے پھر امن مارچ کیا۔

انہوں نے رانا ثنا اللہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے لاکھوں لوگوں کے جذبات کی قدر کی اور ہمارے مطالبات تسلیم کئے۔

Share

اپنا تبصرہ بھیجیں