گرمی کی شدت میں اضافہ،گلیشیئرز پگھلنے سے سیلاب کے خطرات بڑھ گئے:شیری رحمٰن

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اور خیبر پختونخواہ میں درجہ حرارت معمول سے 4-6 ڈگری تک بڑھنے کا امکان ہے، گرمی کی شدت میں اس نمایاں اضافے کے باعث گلیشیئرز پگھلنے کی وجہ سے سیلاب (گلوف) کے خطرات بڑھ گئے ہیں، ضلعی انتظامیہ، مقامی اداروں اور کمیونٹیز کو چوکس رہنے اور اس حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر نے خاص طور پر آنے والےہفتہ میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر شمالی علاقوں میں سیاحوں کی آمد کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اور ابتدائی انتباہات پر عمل کرنے اور مناسب تیاری کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس تین پہاڑی سلسلوں بشمول ہمالیہ، قراقرم اور ہندوکش کے سنگم پر اپنے جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے قطبی خطوں سے باہر دنیا میں سب سے زیادہ برفانی علاقے رکھنے کا اعزاز ہے۔

ان گلیشیئرز کے مستقبل کے بارے میں خطرناک سائنسی انتباہات سامنے آئے ہیں، جو اس صدی کے اختتام تک ان کے حجم میں 75 فیصد کی متوقع کمی کی نشاندہی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برفانی ماس میں اس قدر نمایاں کمی ایک شدید خطرہ کا باعث بنتی ہے، کیونکہ اس کے نتیجے میں نیچے کی طرف رہنے والی کمیونٹیز کے لیے انتہائی سیلاب اور پانی کی قلت کا سامنا ہو سکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان نے اپنی قومی موسمیاتی تبدیلی کی پالیسی اور قومی طے شدہ شراکت میں گلوف کے خطرے کو تسلیم کیا ہے۔ ان چیلنجوں سے فعال طور پر نمٹنے کے لیے، حکومت نے گلوف-II پروجیکٹ کو نافذ کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔ اس پروجیکٹ کا مقصد آب و ہوا سے پیدا ہونے والی آفات کے مقابلے میں کمیونٹی کی لچک کو بڑھانا، ضروری معلومات اور مہارتیں فراہم کرنا ہے تاکہ کمیونٹیز کو گلوف یا سیلاب کے ممکنہ واقعات کے لیے تیار اور خود کو محفوظ رکھنے کے قابل بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ گلوف-II پروجیکٹ کے تحت، مختلف اقدامات کے ذریعے کمیونٹی کی لچک کو بڑھانے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ سولہ (16) کمیونٹیزپر مشتمل تربیت یافتہ ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں جو ممکنہ آب و ہوا سے پیدا ہونے والے خطرات کی نشاندہی کرنے اور موثر طریقے سے جواب دینے کی ذمہ دار ہیں۔ اسی طرح آفات کے دوران کمیونٹیز کی مدد کے لیے، چھ وادیوں میں چھ کمیونٹی پر مبنی ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ مراکز تعمیر کیے گئے ہیں۔

۔ مزید برآں پچپن حفاظتی ڈھانچے تعمیر کیے گئے ہیں تاکہ کمیونٹی کی رہائش گاہوں اور معاش کی حفاظت کی جاسکے۔ اسی طرح چالیس آبپاشی چینلوں کی بحالی کے ذریعے پانی کی رسائی کو ترجیح دی گئی ہے۔ مزید برآں سولہ وادیوں کے لیے خطرات اور ان کے جائزے مکمل کیے گئے ہیں، جن کے نتائج صوبائی حکومت اور متعلقہ کمیونٹیز کے ساتھ شیئر کیے گئے ہیں۔ سولہ محفوظ پناہ گاہیں مکمل ہو چکی ہیں اور کمیونٹیز کے لیے آفات کے دوران تحفظ حاصل کرنے کے لیے محفوظ ٹھکانوں اور راستوں کی نشاندہی کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ نگرانی اور بچائو کے آلات سے لیس ہیزرڈ واچ گروپس انتہائی کمزور وادیوں میں قائم کیے گئے ہیں۔

ان وادیوں میں خواتین اور لڑکیوں سمیت کمیونٹی کے تمام افراد کو ٹریننگ دینے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جی بی حکومت کے تعاون سے مخصوص وادیوں اور اضلاع کے لیے ہنگامی منصوبے تیار کیے گئے ہیں جن میں متعلقہ محکموں کے لیے واضح کردار اور ذمہ داریوں کا تعین کیا گیا ہے۔ مزید برآں سپارکو کی طرف سے دس انتہائی کمزور گلیشیئرز کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ ان کی گلوف کے لیے حساسیت کا اندازہ لگایا جا سکے اور اس حوالے سے قبل از وقت خبردار کیا جا سکے

Share

اپنا تبصرہ بھیجیں