معاشی اصلاحات ناگزیر ورنہ بوجھ ناقابلِ برداشت ہو جائے گا:وزیر خزانہ

وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ معاشی اصلاحات کی اشد ضرورت ہے ورنہ بوجھ ناقابلِ برداشت ہو جائے گا

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پنشن اصلاحات جیسی دیگر اصلاحات کی ہمیں اشد ضرورت ہے، اصلاحات کی طرف جانا ہوگا ورنہ ایک وقت آئے گا جب یہ بوجھ ناقابل برداشت ہوجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بجٹ میں ہمارا 800 ارب پنشن پر چلا گیا، یہ ایک خطیر رقم ہے، چند برس قبل یہ اس سے آدھا ہوتا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں اسحٰق ڈار نے کہا کہ کنٹریکٹ پر کام کرنے والے سرکاری ملازمین کو 2 پنشز میں سے بڑی پنشن کا انتخاب کرنے کا اختیار ہو جائے گا، یہ بہت پرانا مسئلہ چل رہا ہے اسے بہت پہلے ٹھیک ہوجانا چاہیے تھا، حکومت نے سرکاری افسران کے ایک سے زائد پنشنز لینے پر پابندی عائد کردی ہے

انہوں نے کہا کہ اصولی بات ہے کہ آپ کو ایک پنشن ضرور ملنی چاہیے لیکن یہاں مختلف سرکاری عہدوں پر رہنے والے لوگ ایک سے زیادہ پنشنز لیتے رہے ہیں، یہ پنشنز کئی کئی نسلوں تک چلتی رہیں، ملک میں بعض لوگ بیک وقت آرمی چیف، صدر اور چیف ایگزیکٹو کی پنشن لیتے رہے۔

Share

اپنا تبصرہ بھیجیں